انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کانسٹیبل کو زخمی کرنے کے مقدمے میں ملزم تیمور کو مجموعی طور پر 13 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پولیس کانسٹیبل کو زخمی کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ عدالت نے ملزم تیمور کو اقدام قتل کی دفعہ کے تحت 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے دفعہ تین سو سینتیس پانچ کے تحت مجرم کو پانچ سال قید اور دو لاکھ روپے تاوان کی سزا کا حکم دیا جبکہ دفعہ چارسوستائیس اور دفعہ تین سو ترپن کے تحت مجرم کو چھ چھ ماہ قید کی سزا بھی سنائی گئی۔
ملزم تیمور کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں گزشتہ سال دہشتگردی، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر ملزم کو تیرہ سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ اور دو لاکھ روپے تاوان کی سزا کا حکم جاری کیا۔