لوئر کرم میں 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں مقتولین لاپتہ ہونیوالے ڈرائیور ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 5 ڈرائیوروں کو اغواء کیا گیا تھا۔
لوئر کرم کے علاقے اڑ والی سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، جنہیں شناخت اور قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں اڑ والی سے ملنے والی 4 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوگئی، چاروں افراد لاپتہ ہونیوالے ڈرائیورز ہیں، چاروں کو ہاتھ باندھ کر گولی ماری گئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز بگن میں کانوائے پر حملے کے بعد 5 ڈرائیور لاپتہ ہوئے تھے، جاں بحق ڈرائیوروں کا تعلق کُرم سے ہے، لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب طوری بنگش قبائل کے رہنماء جلال بنگش نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت کو 3 دن کا وقت دیا ہے، دہشت گردوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ کا لائحہ طے کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ہر تیسرے روز بگن میں دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، لاکھوں آبادی کے محصور ہونے پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے۔