انجری کے باعث طویل عرصہ تک کرکٹ سے دور رہنے والے فاسٹ بولر احسان اللہ کو پریذیڈنٹ کپ میں ملتان سلطانز کی ڈپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کی پیشکش کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ سے رابطہ کرکے انہیں ملازمت کی پیشکش کی۔
فاسٹ بولر احسان اللہ رواں سیزن کے پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کریں گے، اپریل اور مئی میں احسان اللہ پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو میں جے ڈی ڈبلیو کیلئے کھیلیں گے جبکہ مکمل فٹنس اور فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ملتان سلطانز کی سہولیات کا استعمال کریں گے۔
علی ترین کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز احسان اللہ کو اگلے سال پی ایس ایل میں واپس لانے کیلئے ان کے ساتھ بھرپور تعاون اور کام کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ احسان اللہ ملتان سلطانز کی فاسٹ بولنگ کوچ کیتھرین ڈیلٹن کی زیر نگرانی لودھراں کی ملتان سلطانز اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے۔
علی ترین کا مزید کہنا ہے کہ احسان اللہ ہمارا اور اس ملک کا اثاثہ ہیں، ہم ان کی مکمل فٹنس اور فارم بحال کرنے میں ہر ممکن مدد کریں گے، احسان اللہ جیسے فاسٹ بولر جنریشن میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں، ملتان سلطانز عالمی معیار کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور پیدا کرنے میں پی سی بی کی مدد کیلئے پرعزم ہے۔
فاسٹ بولر احسان اللہ کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور میں ان کی مسلسل سرپرستی کا شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوجوان کھلاڑی احسان اللہ نے پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کے دوران نظر انداز ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
سماء کے پروگرام زور کا جوڑ میں گفتگو کرتے ہوئے احسان اللہ کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ میں چار مہینے میں فٹ ہو جاؤں گا، نیشنل ٹی 20، سندھ پریمیئر لیگ اور کے پی ایل آرہا ہے، میں ان لیگز میں ایسا پرفارم کروں گا کہ ساری فرنچائزز کو دوبارہ نظر آوں گا، کہ یہ وہی احسان اللہ ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔