حکومت نے نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور گوادر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 3 نئے ریجنل دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کرکے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریجنل سینٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کرکے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں، انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات اسکین کرکے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کررہے تھے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ان عناصر کیخلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے، نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہتر بنادیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ، پی او سی، ب فارم، ایف آر سی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کردیں گے، ریجنل دفاتر کے قیام سے دور دراز علاقوں کے نادرا مراکز میں خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی، 31 مارچ تک ملک کی تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کرلیا جائے گا، ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا مدفاتر کا قیام باقی تھا۔