سرکاری حج سکیم کے تحت محدود نشستوں پر درخواستوں کی وصولی جاری ہے جو حج کے خواہشمند افراد کے لیے آخری موقع ہے۔ سرکاری حج اسکیم میں صرف ایک ہزار 380 نشستیں باقی ہیں۔
حج 2025 کے لیے سرکاری سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا آخری مرحلہ جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت صرف ایک ہزار 380 نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔
گزشتہ پانچ روز کے دوران تین ہزار 120 حج درخواستیں جمع کرائی گئیں جن کے ساتھ ایک ارب 87 کروڑ 20 لاکھ روپے بھی جمع ہوئے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ریگولر سکیم کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 81 ہزار 500 سے بڑھ کر 84 ہزار 620 ہو چکی ہے۔ وزارت نے باقی ماندہ محدود نشستوں پر درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نشستیں مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی وصولی روکنے کا اعلان کیا جائے گا۔ حج کے خواہش مندوں کو جلد از جلد درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔