وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے حکومت مذاکرات میں پیشرفت چاہتی ہے لیکن کرپشن پر کوئی ڈیل یا این آر او نہیں ملے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پی ٹی آئی کو چیلنج کیا بتائیں بانی پی ٹی آئی کے ذرائع آمدن کیا ہیں؟ لاہور کا پچیس کروڑ کا گھر بنانے کیلئے پیسے کہاں سے آئے؟ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ اگر ضبط شدہ نہیں تھے تو برطانوی کرائم ایجنسی نے حکومت پاکستان کو کیوں دیئے ؟۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن اسکینڈل پر بات کی جا رہی ہے، اتنا بڑا اسکینڈل پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا ، رقم ضبط شدہ نہیں تھی تو برطانوی کرائم ایجنسی نے حکومت پاکستان کو کیوں دی؟ پی ٹی آئی اور ان کے وکلا جواب دیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ رقم پاکستان آئی تو نقدی ، ہیرے جواہرات اور زیورات کے تحائف کا سلسلہ چل نکلا، کیسا ٹرسٹ ہے جو بزنس ٹائیکون سے پیسہ لے کر میاں بیوی بناتے ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت چاہتے ہیں لیکن کرپشن پر ڈیل یا این آر او نہیں، سنا ہے کرپشن پر مشکل سے بچنے کیلئے بانی پی ٹی آئی ڈیل کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنی پارٹی بظاہر پریشر رکھنے اور اندر ہی اندر رہا کروانے کا کہہ رہے ہیں۔