حکومت نے گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی پر ٹیم کی ستائش، کہا 70 روپے یونٹ سرمایہ کاروں کیلئے قابل عمل نہیں تھا، ٹیرف میں کمی بہترین قدم ہے، اسٹیشنز لگانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، ای وی کے فروغ سے درآمدی بل میں کمی ہوگی اور ماحول بہتر ہوگا۔
وفاقی حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بجلی کے نرخوں میں 45 فیصد کمی کا اعلان کردیا گیا، ٹیرف 71 روپے سے کم کرکے 39 روپے 70 پیسے کردیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کہتے ہیں اب ہر گلی محلے میں چارجنگ اسٹیشن ہوگا، قواعد و ضوابط بنالئے، 15 روز میں لائسنس ملے گا۔
وفاقی وزیر نے عوام کو پیٹرول سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل ہونے کا مشورہ بھی دیدیا۔ بتایا الیکٹرک موٹرسائیکل 3 گنا سستی پڑتی ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں، چند ماہ میں خطے کی سستی ترین بجلی عوام کو ملے گی، دن رات کام کررہے ہیں۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ جولائی تا نومبر گردشی قرضے میں 12 ارب روپے کمی ہوئی، 5 ماہ میں ڈسکوز کا نقصان 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا۔
وزیراعظم نے بجلی کی قیمت میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ 70 روپے یونٹ سرمایہ کاروں کیلئے قابل عمل نہیں تھا، چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی بہترین قدم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فیصلے سے اسٹیشنز لگانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، ای وی کے فروغ سے درآمدی بل میں کمی اور ماحول بہتر ہوگا۔