بھارت کو بڑا دھچکا لگ گیا، جسپریت بمرا بیڈ ریسٹ پر چلے گئے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں قیادت کرنے والے فاسٹ بولر جسپریت بمرا بیڈ ریسٹ پر چلے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے جسپریت بمرا کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسپریت بمرا تکلیف کے باعث بیڈ ریسٹ پر چلے گئے ہیں، فاسٹ بولر کرکٹ میں واپسی کےلیے جلد بازی نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسپریت بمرا کی کمر کی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں، وہ بورڈر، گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود لندن سے ملتان کے لئے روانہ ہورہے ہیں، جبکہ ٹیسٹ اوپنر صائم ایوب لندن میں اکیلے رہیں گے۔
اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صائم ایوب کیساتھ لندن روانہ کیا تھا، تاہم وہ اب ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں جمعے سے شروع ہونیوالے ٹیسٹ سے قبل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صائم ایوب کی لندن میں معائنہ رپورٹس رواں ہفتہ آنے کی توقع ہے، رپورٹس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق صائم کے ری ہیب کے لیے لندن میں قیام کا فیصلہ ہوگا یا پھر صائم کے لاہور واپس آکر ری ہیب مکمل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔