پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار، گلوکار اور میزبان محسن عباس حیدر کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے آنجہانی اداکار عرفان خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا چاہتے تھے۔
معروف اداکار محسن عباس حیدر نے حال ہی میں سماء ٹی وی کے پروگرام ’ گپ شب ‘ میں شرکت کی جہاں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’ میں عرفان خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا چاہتا تھا اور میری یہ بڑی خواہش تھی، تاہم اب ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا ‘۔
بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی جانب سے ’ اڈی جا ‘ گانا گانے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے محسن عباس کا کہنا تھا کہ ’ مجھے انسٹاگرام پر کسی نے وہ ویڈیو بھیجی کہ دلجیت نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر کنسرٹ کی ریل کو شیئر کیا، یہ میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے اور جب آپ کا کام سرحد پار یا دنیا میں کہیں بھی سراہا جاتا ہے تو ہمیں خوشی ہوتی ہے، لیکن جب ایک فنکار کسی دوسرے فنکار کو سراہتا ہے تو وہ خوشی تھوڑی زیادہ ہوتی ہے، میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میرے کام کو سرحد پار بھی دیکھا جاتا ہے، سنا جاتا ہے اور سراہا جاتا ہے ‘۔
محسن عباس کا کہنا تھا کہ’ ’ اڈی جا ‘ میں نے اس وقت لکھا جب میرا کیرئیر میں جدو جہد کا دور تھا، اور یہ میں نے خود نہیں لکھا بلکہ مجھ سے لکھوایا گیا تھا اور میں سمجھتا ہوں کہ مجھے اس کے لئے چنا گیا تھا جو بڑے اعزاز کی بات ہے ، میں کبھی اس کا کریڈٹ نہیں لے پاتا کہ میں نے لکھا یا میں نے گایا ‘۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ موسیقی کا طالبعلم ہونے کے ناطے میں ہر طرح کا میوزک سنتا ہوں، نصرت فتح علی خان، مہدی حسن خان سے متاثر ہوں اور ہم نے جن کو دیکھ کر گائیگی شروع کی سجاد علی، ان سے بھی انسپائر ہوں ’۔