بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 27 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کچھی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں، اسلحہ اور گولہ بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشتگرد، سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فورسز امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔