وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کیخلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں اور 2024ء میں 3 ہزار 456 مقدمات درج اور ایک ہزار 638 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔
پیر کے روز ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس کے دوران انسانی اسمگلنگ کیخلاف مناسب اقدامات نہ ہونے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا جس پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے جواب دیا گیا۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دسمبر 2024ء میں انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے 42 واقعات ہوئے اور تحقیقات کے دوران وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے افسران کیخلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 15 ماسٹر مائنڈز کو گرفتار کیا گیا اور 68.81 ملین مالیت کے اثاثے منجمد کئے گئے ہیں، یونان کشتی حادثے پر 38 ایف آئی اے افسران کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سزاؤں کو بڑھا کر ناقابل ضمانت کی کیٹیگری میں ڈال دیا گیا ہے اور اب صرف نوٹیفائیڈ ججز ان کیسز کو سنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس معاملے پر ہفتہ وار بریفنگ لے رہے ہیں، اس حوالے سے ایک بل لائیں گے اور امید ہے آپ ساتھ دیں گے۔