چیمپئنز ٹرافی کیلئے سٹیڈیمز کی تزین و آرائش جاری ہے جبکہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ پر تیار کیا جارہاہے اور ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کیلئے لیزر لائٹ شو کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔
سماء ڈیجیٹل کے پروگرام ’ زور کا جوڑ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رپورٹر حذیفہ خان نے بتایا کہ نیشنل سٹیڈیم کا گرے سٹرکچر تیار کر لیا گیاہے تاہم اندر کام ابھی بھی جاری ہے جبکہ کراچی سٹیڈیم میں گراونڈ فلور پر آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے گراونڈز کی طرز پر ایک گیلری بنائی جارہی ہے اس کے گرد چیئرز بھی ہوں گی جہاں شائقین کرکٹ بیٹھیں گے ، شائقین کے درمیان سے گزرتی ہوئی گیلری سے کھلاڑی فینز کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے گراونڈ میں داخل ہوں گے ۔یہ وی وی آئی پی گیلری ہو گی جہاں فینز کو انٹرنیشنل ٹیمز کے بڑے کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی میسر آئے گا ۔
اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کو شاندار بنانے کیلئے پولز پر نئی ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جارہی ہیں ، ان ایل ای ڈی لائٹس میں لیزر شو کی صلاحیت بھی موجود ہے یعنی افتتاحی تقریب پر لیزر لائٹ شو بھی کروایا جائے گا جس کا منظر یقینی طو پر اپنے سحر میں جکڑ لینے والا ہوگا۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ٹریننگ گراونڈز میں فلڈ لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں تاکہ ٹیمز کو پریکٹس کرنے میں آسانی ہو، سٹیڈیم میں کافی حد تک چیزیں بہتر ہو گئیں ہیں تاہم ڈیڈ لائن قریب اور بہت سے کام ہونا ابھی بھی باقی ہیں ۔