قومی ٹیم کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
نوجوان کھلاڑی صائم ایوب ساؤتھ افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ وہ 6 ہفتوں تک ہر طرح کی کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے صائم ایوب کا علاج لندن سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور وہ برطانوی دارالحکومت چلے گئے تھے جہاں ڈاکٹرز نے انکا چیک اپ کیا۔
میڈیکل چیک اپ کے بعد لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل پینل کے فیصلے کا انتظار ہے اور میڈیکل رپورٹس کے بارے میں پی سی بی سے رابطہ کیا جاسکتا ہے جبکہ مداحوں سے اپیل ہے کہ دعاوں میں یاد رکھیں۔
تاہم، صائم ایوب کے بھائی معیز ایوب نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر انسٹا سٹوری پوسٹ کی جس سے قومی کھلاڑی کی جلد واپسی کا اشارہ ملتا ہے۔
معیز ایوب کی جانب سے شیئر کی گئی سٹوری میں تحریر کیا گیا ’ آپ سب کی دعاؤں کا نتیجہ ہے انشاءاللہ جلد دھواں دار واپسی ہوگی ‘۔
انسٹا سٹوری میں دعویٰ کیا گیا کہ ’ صائم ایوب فروری کے دوسرے ہفتے سے ٹریننگ کا آغاز کرلیں گے ‘۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور پی سی بی کے مطابق صائم ایوب کی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ ان کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر ہوگا۔