پاکستان ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) پر برس پڑے۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس میچز میں ڈریسنگ روم ہی موجود نہیں ہیں اور کھلاڑیوں کے لیے پانی اور واش روم انتہائی ناقص ہیں ، پی سی بی اپنی ترجیحات پر غور کرے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چیمپینز کپ کو کامیاب کرانا تھا کرادیا لیکن فرسٹ کلاس پر کسی کا فوکس نہیں ،فرسٹ کلاس کرکٹ سے پلیئرز نکال کر اسٹرائیکر کیمپ میں بھیجا جارہا ہے ، اسٹرائیکر کیمپ آف سیزن میں ہونا چاہیے تھا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فخر زمان چیمپینز ٹرافی میں واپس آئے تو یہ اچھا ہے ، پلیئرز کو سوچنا چاہیے مینجمنٹ کی پالیسیز کے خلاف نہ بولیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے صائم ایوب چیمپینز ٹرافی سے باہر نہیں ہوں گے اور اگلے دس پندرہ سال پاکستان سے کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پر پی سی بی کا پہلا موقف کچھ اور تھا ، پہلے کرکٹ بورڈ نے کہا ہائبرڈ ماڈل نہیں ہوگا لیکن بعد میں ہائبرڈ ماڈل قبول کرلیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کا نہ آنا کمی ضرور ہے۔