سعودی عرب، عراق سمیت 7 ممالک سے مزید 51 پاکستانیوں کو بے دخل کردیا گیا، امیگریشن حکام کے مطابق تمام افراد کو پاکستان پہنچادیا گیا جبکہ چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک جانیوالے مزید 30 مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر پروازوں سے آف لوڈ کردیا گیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک جانے والے مزید 30 مسافروں کو نامکمل دستاویزات، ایڈوانس ہوٹل بکنگ، اخراجات کی رقم نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بناء پر پروازوں سے آف لوڈ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق آف لوڈ کئے گئے مسافروں میں فرید احمد بزنس ویزا پر تنزانیہ، عبدالحکیم ٹورازم ویزا پر بنگلہ دیش جارہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آف لوڈ کئے گئے 11 افراد بزنس اور وزٹ ویزا پر چین اور ملائشیا جارہے تھے، ابو سفیان، نبیل، سجاد، رینا کرن فیملی وزٹ ویزے پر عمان جا رہے تھے، اقبال بی بی پرسنل وزٹ ویزا پر سعودی عرب جارہی تھیں۔ افضل اور ارسلان ورک ویزہ پر سعودی عرب جارہے تھے، سمیع اللہ، عدنان خلیل اور محمد عثمان عمرہ ویزہ پر سعودی عرب جارہے تھے، شبیر اور کامران بزنس ویزا پر سعودی عرب، شاہ رخ وزٹ ویزہ پر یوگینڈا جارہے تھے۔
امیگریشن حکام کے مطابق محمد اور عبدالستار کو عمرہ ویزہ پر سعودی عرب جاتے ہوئے آف لوڈ کیا گیا۔
امیگریشن حکام نے بتایا کہ سعودی عرب عراق سمیت 7 ممالک سے 24 گھنٹے میں مزید 51 پاکستانی بے دخل کردیئے گئے جنہیں مختلف پروازوں کے ذریعے کراچی پہنچادیا گیا۔
حکام کے مطابق بے دخل 2 شہری اصلی پاسپورٹ جبکہ 49 ایمرجنسی پیپرز پر وطن واپس پہنچے، سعودی عرب سے بے دخل 33 پاکستانیوں کو کراچی بھیجا گیا، ایمرجنسی پاسپورٹ پر 14 پاکستانی عراق سے کراچی پہنچے، دبئی، عمان، زیمبیا، قطر اور برطانیہ سے ایک ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔