صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ’ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن ‘ کے ڈائلسز سینٹر ہر شہری کیلئے میسر ہیں۔
ہفتے کے روز آئی پی پی صدر عبدالعلیم خان نے سروسز اور میو ہسپتال میں ڈائلسز سینٹر کا دورہ کیا اور سروسز ہسپتال کے ڈائلسز سینٹر میں فاؤنڈیشن کو فوری طور پر الٹرا ساؤنڈ مشین کی فراہمی کی ہدایت کی۔
عبدالعلیم خان نے ڈائلسز کے مریضوں و تیمارداروں سے فرداًفرداً ملاقات کی اور سہولیات کی فراہمی پر استفسار کیا اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائلسز کے مریضوں کو عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن تمام ادویات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اللہ تعالیٰ کی توفیق ، مریضوں کی بہتر سے بہتر خدمت کا عزم رکھتے ہیں، ڈائلسز کرانے والوں کو کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو تو ہر وقت فاؤنڈیشن کا سٹاف حاضر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ڈائلسز سینٹر ہر شہری کیلئے میسر ہیں، سروسز، میو اور چلڈرن ہسپتال میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن معیاری اور جدید سہولتیں دے رہی ہے۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے ڈائلسز سینٹر کے کچن، واش رومزاور دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیا اور موقع پر اہم ہدایات دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی کا نظام مزید بہتر بنائیں اور مریضوں اور اُن کے ساتھ آنے والوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔
عبدالعلیم خان کی طرف سے ڈائلسز کے مریضوں اور عملے میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے اور نیک تمنائیں وجلد صحت یابی کی دعا کی اور انہوں نے فاؤنڈیشن کے سی ای او، سی ایف او، انچارج ، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کارکردگی کو سراہا۔