بھارت کی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار الو ارجن کو ’پشپا 2‘ کے بھگدڑ کیس میں مشروط ضمانت مل گئی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ قتل کا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کی ایک مقامی عدالت میں سندھیا تھیٹر بھگدڑ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے الو ارجن کی ضمانت چند شرائط کے ساتھ منظور کرلی۔
عدالت نے الو ارجن اور پولیس کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اداکار کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل کو دو مقدمات میں 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے اور انہیں ہر اتوار کو پولیس اسٹیشن میں حاضری دینا ہوگی۔
وکیل نے مزید وضاحت کی کہ عدالت نے اس ضمانت کی منظوری کے پیچھے یہ وجہ رکھی کہ یہ معاملہ قتل کا نہیں ہے اور عائد کردہ شرائط عمومی نوعیت کی ہیں، جو ہر ملزم پر لاگو ہوتی ہیں۔
الو ارجن کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ یہ کیس تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اگلی سماعت 21 جنوری کو ہوگی، جس کیلئے قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ الو ارجن کیخلاف 4 دسمبر 2024ء کو ’’پشپا 2‘‘ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ایک خاتون کی موت کے واقعے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں پولیس نے حراست میں بھی لیا تھا۔