قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز صائم ایوب کے ٹخنے کی انجری کے باعث آج صبح میدان سے واپس چلے گئے تاہم اب فریکچر کے خدشے کا اظہار کیا جارہاہے ۔
ذڑائع کے مطابق صائم ایوب کے ٹخنے کی انجری کی سکین رپورٹ کا انتظار کیا جارہاہے تاہم ان کے دائیں ٹخنے میں فریکچر کا خدشہ ہے، فریکچر کی صورت میں صائم ایوب لمبے عرصہ کیلئے ایکشن سے دور ہو سکتے ہیں ۔ یاد رہے کہ صائم ایوب کا جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز پر ہی ٹخنہ مڑ گیا تھا جس کے باعث وہ تکلیف سے زمین پر لیٹ گئے اور بعدازاں فیلڈ چھوڑ کر چلے گئے ، ان کی جگہ عبداللہ شفیق نے فیلڈنگ سنبھالی ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کا آج سے کیپ ٹاؤن میں ہو رہا ہے۔ جنوبی افریقہ سنچورین ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ایک صفر کی نا قابل شکست برتری رکھتا ہے جب کہ قومی ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہوگی۔
جنوبی افریقہ سیریز ہار نہیں سکتا اور ڈرا میچ بھی پروٹیز کو سیریز کا فاتح بنا دے گا تاہم پاکستان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ جیت کر سیریز کو برابر کر سکتا ہے۔