چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر نے معاشی استحکام کیلئے اٹھانے جانے والے حکومت کے اقدامات میں پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمعرات کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عسکری قیادت، وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی اور کونسل کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے حوالے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اسپیشل اکنامک زونز کی کارکردگی اور نیشنل منرل ہارمنائزیشن پالیسی پر وزارتوں کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور اقتصادی ترقی کیلئے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکنامک زونز کے قیام کے مقامات کا تعین کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔
اپیکس کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں اسپیشل اکنامک زون کا جال بچھانے اور فورم اکنامک زونز سے متعلق قوانین کو آسان بنانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور مختلف ممالک کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کا اعلامیہ
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپیکس کمیٹی کا گیارہواں اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد منعقد ہوا۔
سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’ اڑان پاکستان' (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے آگاہ کیا جبکہ کمیٹی نے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز SEZs کہ اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی اور نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک، جو کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔
فورم کو انسانی وسائل کی ترقی (HRD) کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔
وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات جن سے امن و امان اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
اجلاس کے آخر میں وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا اور انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔