سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا مسلسل صہیونی اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
بدھ کے روز سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی اور پاکستان اور ایران تعلقات ، علاقائی صورتحال اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفیر نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ فلسطین کی حمایت اورغزہ یکجہتی مظاہروں پر جے یو آئی کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ، ایران ، ترکیہ ، سعودی عرب اور ملائشیا دفاع غزہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا مسلسل صہیونی اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کررہا ہے، غزہ میں قیامت ڈھا دی گئی لیکن امریکا کوانسانی حقوق کی یہ سنگین پامالیاں نظرنہیں آتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور سامراجی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔