ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے طوفان تیج کا دوسرا الرٹ جاری کردیا ہے۔
الرٹ کے مطابق جنوب مغربی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن آہستہ آہستہ مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے تاہم طوفان سے پاکستان کی کسی بھی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔
حکام کے مطابق جنوب مغربی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن شدت اختیار کرکے گہرے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، ڈپریشن کراچی سے 1830جبکہ گوادر سے1760 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
الرٹ کے مطابق ڈپریشن کل صبح تک طوفان میں تبدیل ہوجائے گا، طوفان کا رخ عمان اور یمن کی جانب ہے، پاکستان کی کسی ساحلی پٹی کوطوفان سےکوئی خطرہ نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان کا نام تیج رکھا گیا ہے، تیج بھارت کا تجویز کردہ نام ہے جس کا مطلب ’’رفتار‘‘ ہے۔