محکمہ موسمیات نے جنوری 2025 کے پہلے ہفتے میں ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیش گوئی کردی۔ بالائی علاقوں میں راستوں کی بندش اور سردی کی شدید لہر کا اندیشہ ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جنوری کے دوران مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جو گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا باعث بنیں گی۔
یکم سے پانچ جنوری کے دوران دیر، سوات، شانگلہ اور مہند میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسے 6 جنوری تک اسلام آباد، پوٹھوہار، سرگودھا اور سینٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں دو سے 5 جنوری کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں یکم سے 4 جنوری تک چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، چاغی، نوشکی، قلات اور ہرنائی میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بالائی سندھ میں 3 سے 4 جنوری تک بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں راستوں کی بندش کا اندیشہ ہے جبکہ بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں دھند بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ بارشوں اور برفباری کے بعد ملک بھر میں سردی کی لہر آنے کی توقع ہے۔