پنجاب میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا، گزشتہ سال کی نسبت رواں برس پولیو وائرس ماحولیاتی نمونوں میں 500 گنا اضافہ ہوا۔
پنجاب کے بچوں کیلئے بڑا خطرہ منڈلانے لگا، پولیو وائرس کے مثبت نمونوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، گزشتہ سال کی نسبت رواں برس پولیو وائرس ماحولیاتی نمونوں میں 518 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 68 بار پنجاب میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، سب سے زیادہ لاہور سے 26 مرتبہ پولیو وائرس ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا، 2023ء میں صرف 11 بار پنجاب میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پنجاب میں پولیو وائرس کی موجودگی صرف تین اضلاع میں تھی، مگر رواں برس پنجاب میں پولیو وائرس کے مثبت نمونوں کی موجودگی 16 اضلاع میں پائی گئی ہے، جن میں لاہور کے ساتھ راولپنڈی، گوجرانوالہ، اٹک، چکوال، میانوالی، گجرات بھی شامل ہوگئے ہیں۔
ترجمان انسداد پولیو پروگرام پنجاب کے مطابق مثبت ماحولیاتی نمونے پنجاب کے مقامی نہیں، دیگر صوبوں سے آنیوالے افراد کی وجہ سے نمونے مثبت آئے، بچوں میں انسداد پولیو قطرے پلانے کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔