کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کہتے ہیں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف وزری کرنیوالے کیخلاف کارروائی کریں گے، ہوائی فائرنگ کا نہیں اقدام قتل کا پرچہ درج کیا جائے گا، کوشش ہوگی کہ ضمانت بھی نہ ہو، اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کروایا جائے گا۔
دنیا بھر میں سال نو پر بھرپور جشن منایا جاتا ہے، اس موقع پر آتش بازی کا بھی رواج ہے، تاہم کراچی سمیت پاکستان کے کئی شہروں میں ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی ہے جس سے ہر سال درجنوں افراد زخمی ہوجاتے ہیں جبکہ اموات بھی رپورٹ ہوتی ہیں۔
کراچی پولیس نے سالِ نو پر ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کہتے ہیں کہ سال نو پر فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف ہوائی فائرنگ کا نہیں بلکہ اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیو ایئر پر فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، گزشتہ برس 38 سے زائد افراد ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے، کوشش ہوگی کہ ہوائی فائرنگ کرنیوالے کی ضمانت بھی نہ ہو جبکہ اسلحہ کا لائسنس بھی منسوخ کروائیں گے۔