ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف شہروں میں دھند اور کُہرے کی اطلاعات ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت منفی 9 گلگت میں منفی سات اور اسلام آباد میں درجہ حرارت ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں درجہ حرارت 6 کراچی میں 10، پشاور میں دو اور کوئٹہ میں منفی تین ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
مری اور گلیات میں موسم شدید سرد رہے گا اور صبح کے وقت کُہرا پڑ سکتا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کُہرا پڑنے کی پیشگوئی ہے۔ فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور لیہ سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع میں دھند کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ اور کوہاٹ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ سندھ کے شہروں سکھر، خیرپور، کشمور اور شکارپور میں بھی دھند چھائی رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر علاقے سرد اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔