سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ ترسیلات زر بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ، فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں ۔ نو مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت، عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جو چار سالوں میں تباہ کرکے گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نو مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کبھی سائفر کا فراڈ، ہر بات پہ جھوٹ، اب کوئی ماننے والا نہیں۔ امریکہ نے میری حکومت گرائی سے امریکہ مجھے بچالو! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو ملکی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، 8ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 فیصد سے کم کرکے چار فیصد اور پالیسی ریٹ بائیس سے 13 فیصد پر آنا معجزے سے کم نہیں۔