سینئر صحافی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور نئے الیکشن کا کوئی امکان موجود نہیں ہے ، اس کی امید رکھنی بھی نہیں چاہیے ، یہ غیر حقیقی چیز ہے ، اس کے بہت سے اثرات دکھائی دے رہے ہیں
سینئر صحافی نجم سیٹھی نے سماء نیوز کے پروگرام ’ سیٹھی سے سوال ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تما م سٹیک ہولڈر ز کی خواہش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں اور استحکام آئے ، سیاسی بحران ختم ہو، میرا خیال ہے کہ سٹیک ہولڈرز نہیں جانتے کہ آگے کیسا بڑھا جائے ، عمران خان پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہے ، حکومت چاہتی ہے جو بھی ہو چار سال اور مل جائیں ، آگے مشکل حالات آ رہے ہیں ، یہ مذاکرات چلیں گے ، پھر ٹو جائیں گے ، پھر چلیں گے ، سارا سال ایسے ہی چلتا رہے گا، فیصلہ کن نتیجہ نکلنے کے امید ہے اگر عمران خان پیچھے ہٹیں تو۔
ان کا کہناتھا کہ اس بحران کو ختم کرنا آسان نہیں ہوگا، یہ امید رکھنا کہ عمران خان آزاد ہو جائیں گے اور نئے الیکشن ہوں گے تو یہ بالکل ممکن نہیں ہے ، اس کی امید بھی نہیں رکھنی چاہیے ، یہ غیر حقیقی چیز ہے ، اس کے بہت سے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔ چارٹر آف ڈیموکریسی میں نوازشریف اور بینظیر نے غلطیاں تسلیم کیں لیکن پھر کیا ہوا، اس کے بعد وہی غلطیاں دہرائیں گئیں ۔عمران خان غلطی تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ، چارٹر آف ڈیموکریسی پھر سے ہو جائے جس کا اشارہ رانا ثناء اللہ کر رہے ہیں۔ خواہش تو نیک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جیسے رانا ثناء اللہ کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف ، عمران خان اور زرداری ایک ساتھ بیٹھ جائیں اور بات کریں تو میرے خیال میں یہ تینوں سیاسی شخصیات نہیں بیٹھیں گی ۔