اوگرا نے غیرمعیاری ایل پی جی کی فروخت میں ملوث 5 کمپنیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
اوگرا نے ملک کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری ایل پی جی کی فروخت پر ایکشن لے لیا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے غیرمعیاری ایل پی جی فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیر معیاری ایل پی جی کی فروخت کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں، اتھارٹی نے حال ہی میں ملک کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا، مختلف ایل پی جی پلانٹس اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ملوث پائے گئے، کمپنیوں میں تیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ، دریا شاہ انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ، سائنرجی ریسورسز پرائیوٹ لمیٹڈ، جمیسٹو انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ اور عزیز گیس پرائیوٹ لمیٹڈ بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کمپنیوں کی فراہم کردہ گیس مقررہ معیار پر پوری نہیں اتری، اتھارٹی نے کمپنیوں کو نوٹسز کے بعد جوابات کا موقع فراہم کیا، کمپنیاں اتھارٹی کو اپنے جوابات سے مطمئن نہیں کرسکیں۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ صارفین کے تحفظ کیلئے ایل پی جی پلانٹس کی نگرانی سختی سے جاری رکھی جائے گی، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔