وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے لاہور میں شہید کیپٹن زوہیب الدین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے نانا اور چھوٹے بھائی سے اظہار تعزیت کیا۔
شہید کے اہلخانہ سے ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کیپٹن زوہیب الدین نے اپنی جان دے کر جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی جبکہ مادر وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے ہم سب کا فخر اور قابل قدر اثاثہ ہیں۔
عبدالعلیم خان نے پارک ویوسٹی میں کیپٹن زوہیب کے نام سے سڑک منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید کے نام سے سڑک منسوب کرنا چھوٹا سا نذرانہ عقیدت اور کیپٹن زوہیب کے اہلخانہ اور ہر فرد کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا ہم شہید کے درجات کی بلندی اور ان کے غمزدہ خاندان کیلئے صبر و ہمت کی دعا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کرنا ہمارے جوانوں کی آن، شان اور ان کا مان ہے، کیپٹن زوہیب الدین نے ایک اور قومی ہیرو کا اضافہ کیا جس پر قوم انھیں سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔