قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف پہلے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا فیصلہ تاحال نہیں کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر آٹھ پر ایک اچھے آل راؤنڈر کی بہت ضرورت ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے سنچورین میں شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے سنچورین میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلے ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، سیم بولرز کیلئے وکٹ سازگار ہوگی، ہوسکتا ہے ہم بھی جنوبی افریقا کی طرح پیسرز کے ساتھ ٹیسٹ کھیلیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر آٹھ پر ایک اچھا آل راؤنڈر بہت ضروری ہے، عامر جمال پرانی گیند کے ساتھ ساتھ نئی گیند بھی اچھی کرلیتا ہے، فاسٹ بولر محمد عباس سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے، انہیں کنڈیشنز کی وجہ سے موقع مل سکتا ہے۔