قازقستان میں مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آذربائیجان ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ ایئر پورٹ کے قریب گرکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے سے متعلق ابتدائی رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ طیارے پر عملے سمیت 67 افراد سوار تھے جن میں سے 25 افراد زندہ بچے ہیں، زندہ بچ جانے والے 25 میں سے 22 افراد کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ آذربائیجان ایئر لائنز کے طیارے کو ’اوکتاؤ‘ شہر کے قریب گرتے ہی آگ لگ گئی تاہم ایمرجنسی سروس نے اس آگ پر قابو پالیا۔
آذربائیجان ایئر لائن کی پرواز جے ٹو 8243 دارالحکومت باکو سے چیچنیا کے شہر گروزنی جارہی تھی تاہم دھند کی وجہ سے اِس کا رخ موڑ دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے کی جانب سے تصدیق شدہ ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ زمین کی جانب تیزی سے آرہا ہے جبکہ اس کا لینڈنگ گیئر نیچے کی طرف ہے، طیارہ لینڈ کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس دوران آگ کا بگولہ زمین سے اٹھتا ہے۔
حکام کے مطابق طیارے پر 62 مسافروں کے علاوہ عملے کے 5 اراکین سوار تھے، طیارے پر سوار بیشتر مسافروں کا تعلق آذربائیجان سے ہے۔