چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لئے ٹکٹس کی رجسٹریشن شروع ہوگئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کے شیڈول اور گروپس کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جبکہ فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے، جو پاکستان اور دبئی میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان میں راولپنڈی، لاہور، اور کراچی تین میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیے گئے ہیں، جہاں ہر وینیو پر تین گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔ لاہور دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا اور فائنل بھی لاہور میں ہوگا، لیکن اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
بھارت کے تین گروپ میچز اور پہلا سیمی فائنل دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول اور گروپس کے اعلان کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹکٹس کی رجسٹریشن بھی شروع ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق شائقین آج سے ٹکٹس کے لیے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں اور ٹکٹس کی فروخت بھی جلد شروع ہوجائے گی۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔