آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دیدی، گرین شرٹس 368 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرنے میں ناکام ہوگئے، پوری ٹیم 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کے 368 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز نے 134 رنز کا آغاز فراہم کیا، عبداللہ شفیق 64 اور امام الحق 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، سعود شکیل اور محمد رضوان کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی، لیفٹ ہینڈر بیٹر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 26 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم ٹیم کی نیا پار نہ لگاسکے۔
محمد رضوان 46 کی انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، محمد نواز 14، اسامہ میر صفر، شاہین شاہ آفریدی 10، اور حسن علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4، پیٹ کمنز اور مارکوس اسٹوئنس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل اسٹاک اور جوش ہیزل ووڈ ایک ایک شکار کر سکے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے بنگلور میں کھیلے جارہے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 259 رنز کا آغاز فراہم کیا، وارنر اور مارش نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا ڈالے۔
عالمی کپ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کا چوتھا، آسٹریلیا کا چھٹا نمبر ہے، پاکستان نے 3 میں سے 2 آسٹریلیا نے 3 میں سے ایک میچ جیتا ہے۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وانر نے 124 گیندوں پر 163 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 9 چھکے اور 14چوکے شامل تھے، مچل مارش 108 گیندوں پر 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 10 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔
میکس ویل صفر اور اسٹیو اسمتھ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مارکس اسٹوئنس 21 اور جوش انگلس نے 13 رنز بنائے، مارنوس لیبوشین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مچل اسٹارک 2 اور جوش ہیزل ووڈ بغیر رن بنائے وکٹ گنواگئے۔
شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر اسامہ میر نے ڈیوڈ وارنر کا آسان کیچ چھوڑ دیا، اس وقت وہ 20 رنز پر کھیل رہے تھے۔
پاکستانی بولرز نے اختتامی اوورز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 38 رنز پر آسٹریلیا کی 6 وکٹیں گرادیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 54 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے 83 رنز دے کر 3 جبکہ اسامہ میر نے 82 رنز کے بدلے ایک وکٹ لی۔
کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے بعد کہنا تھا کہ شاداب خان کی جگہ ٹیم میں اسامہ میر کی واپسی ہوئی ہے،پچ اچھی ہے،جلدی وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، پریکٹس سیکشن اچھے رہے ہیں کھلاڑیوں کو اچھی بیٹنگ کرنی ہوگی۔
دوسری جانب حریف ٹیم آسڑیلیا میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
گرین شرٹس تاحال انجری مسائل سے دوچار ہیں۔ اوپننگ بیٹر فخر زمان بدستور گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں، ان کے گھٹنے کا علاج جاری ہے وہ آج کے میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
سلمان علی آغا بھی بخار میں مبتلا ہیں، تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
اس وقت آسٹریلیا کے 2 پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل اس کی پوزیشن چھٹے نمبر پر ہے۔ ورلڈ کپ ایونٹ میں آسٹریلیا نے ابھی تک ایک میچ جیتا ہے جس میں اسے 2 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔