بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایاجائے گا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت تو ہوئی لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلہ نہ سنایا جاسکا۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کیا ہے کہ فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی تو اس دوران وکیل خالد چوہدری نے کہا کہ ہم توقع کر رہے ہیں آج فیصلہ آئے گا۔ جس پر جج نے کہا کہ فیصلہ تو آج نہیں آئے گا، ہائیکورٹ کا کورس بھی ہے، کیس کا فیصلہ لکھ رہے ہیں، 10 منٹ تک نئی تاریخ معلوم کر لیجئے گا۔
بعد ازاں عدالتی عملے نے بتایا کہ کیس کا محفوظ فیصلہ 6 جنوری کو سنایاجائے گا۔عملے نے وکیل صفائی خالدیوسف کو نئی تاریخ سے آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 4 روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا جو پیر کو سنایا جانا تھا۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونےپر18دسمبر کو اڈیالہ جیل میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔