سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہماری زندگیاں 2 سال سے ختم ہو گئیں ، دیکھتے رہتے ہیں صبح کس عدالت میں جانا ہے۔
سماء کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کی سیاسی اہمیت کو تسلیم نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی کوششں ہو رہی ہے جو ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے سوشل میڈیا کا کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا ذکر نہیں کیا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کو اس سے خود کو الگ رکھنا چاہیے، اسٹیبلشمنٹ کا سیاست میں کردار ہے اور ہونا بھی چاہیے، ایسا ممکن ہی نہیں کہ ہم شہدا کے ساتھ کھڑے نہ ہوں، تاثر دیا جا رہا ہے جیسے پی ٹی آئی فوج مخالف جماعت ہے۔
لازمی پڑھیں ۔تحریک انصاف کا سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے اظہار لاتعلقی
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لیڈر ہیں، خوش قسمتی ہے کہ سارے ملک میں ان کی مقبولیت ہے، جو لوگ انکی نمائندگی کر رہے ہیں لگتا ہی نہیں پاکستان سے ہیں، کچھ لوگ کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان لگتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ایسے لوگوں کو الگ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت محب وطن نہیں، ان لوگوں میں کچھ کرنے کی صلاحیت نظر نہیں آرہی، جو لوگ ٹاؤٹ کی حیثیت رکھتے ہیں کارکن انہیں تسلیم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی کا فائدہ شہباز شریف اور مریم نواز اٹھا رہے ہیں، ن لیگ دونوں الیکشن ہار کر بھی اقتدار میں ہے جبکہ لڑائی کا دوسرا فائدہ علیحدگی پسند اٹھا رہے ہیں اور اس سے فائدہ یوٹیوبر بھی اٹھا رہے ہیں، یوٹیوبر پاکستان سے باہر بیٹھ کر بانی پی ٹی آئی کو قربانی کا بکرا بنا کر پیسے بنا رہے ہیں،
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس لڑائی کا سب سے بڑا نقصان پاکستان کو ہو رہا ہے ، ملک میں تقسیم ہو رہی ہے، فوج کے خلاف بھی دن رات پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔