وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی ایسے شخص نے برپا کیا جو خود اسٹیبلشمنٹ کی پروڈکٹ تھا۔۔
لندن میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے 25 مجرمان کے حوالے سے بات کرنا چاہتا ہوں، یہ قومی نوعیت کا ایسا مسئلہ تھا جس میں فوری فیصلوں کی ضرورت تھی لیکن اس میں سب سے بڑی رکاوٹ عدلیہ نے کھڑی کی اور ڈیڑھ سال سے یہ چیز لٹک رہی تھی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ قومی نوعیت کے اتنے سنگین واقعات ہوئے ، قوم کی اساس پر حملے ہوئے، قوم کی دفاعی افواج کو للکارا گیا، یہ للکار کبھی ہندوستانی افواج نے بھی نہیں کی تھی، منصوبہ بندی سے پنجاب اور کے پی میں حملے کیے گئے، چارج ہجوم باقاعدہ تربیت یافتہ تھا اور انہیں ہدایات دی گئیں تھیں،9 مئی کے اور بھی مجرمان ہیں جن کے فیصلےہونے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ویڈیوز کے بارے میں یہ بار بار کہتے تھے کہ ریلیز کریں، ان ویڈیوز میں ملوث لوگوں کی آواز اور چہرے واضح ہیں، ان ثبوتوں کی بنیاد پر ان لوگوں کو سزا ملی، کسی ملک کی تاریخ میں نہیں ہوا کہ ملک کا دفاع چیلنج کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی ایسے شخص نے برپا کیا جو خود اسٹیبلشمںٹ کی پروڈکٹ تھا، عمران خان نے پارٹی لانچ کی تو پہلا سیکرٹری جنرل ایک ریٹائرڈ جرنیل تھا، حمیدگل نے ان کو گود لیا تھا، 2018 کے الیکشن میں آرٹی ایس بٹھا کر انہیں اقتدار میں لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عدلیہ کا شرمناک فیصلہ تھا، جنرل ( ر ) قمر جاوید باجوہ اور دیگر مائنس نوازشریف کیلئے کام کرتے رہے، مجھے ذاتی طور پر بھی اپروچ کیا گیا ، میں ان سے نواز شریف کو بتا کر ملا تھا، نواز شریف کو مائنس کرنے کا اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کا پرانا منصوبہ تھا، ان کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی دور میں اربوں کی کرپشن ہوئی، بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ اس کرپشن میں ملوث تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شور مچایا ہوا ہے کہ امریکا ہمارے ساتھ ہے، جس شخص کا لمحوں میں اسٹینڈ بدل جائے وہ لیڈر نہیں ہوسکتا، اقتدار سے محرومی پر ایبسلوٹلی ناٹ تھا، آج پتہ نہیں امریکا کے کندھے ان کیلئے میسر ہیں بھی یا نہیں ۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 10 روز قبل وہ صرف اسٹیبملشنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے تھے، اب اسمبلی اور میڈیا میں اتنی بے تابی دکھائی جا رہی ہے، ہم نے کمیٹی بنا دی ، عوام باشعور ہیں جانتے ہیں یہ تبدیلیاں کیوں آرہی ہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی بیرونی ہاتھ ان کی مدد کو آتا ہے تو پاکستان خود مختار ریاست ہے، پاکستان اپنی حفاظت اور اپنے مفادات کی حفاظت کرنا جانتا ہے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکا بڑے پریشرمیں کیا تھا،ان کے اقتدار کو بھی تحفظ مل سکتا تھا ، 5 ارب ڈالر مل سکتے تھے لیکن ایٹمی دھماکوں سے متعلق نواز شریف نے جرات مندانہ قدم اٹھایا، بانی پی ٹی آئی جیسا بندہ ہوتا تو 5 ارب رکھ لیتا۔