بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے بیرسٹر سیف کو وزیر اعلی خیبر پختوانخواہ علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سیف کو علی امین گنڈا پورکی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں سے مذاکراتی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف کا اپوزیشن جماعتوں کے کئی اہم رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا ہے اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کی اہم بیٹھک رواں ہفتے متوقع ہے۔
علی امین گنڈا پور کی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) کے رہنماوں پیرپگارا اور ذوالفقار مرزا سے بھی اسی ہفتہ ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مذاکراتی عمل میں جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) سمیت دیگر پارٹی سربراہوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔