بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔
18 دسمبر کو احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو پیر کے روز ( کل ) سنایا جانا تھا تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ فلحال موخر کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت کے عملے نے پی ٹی آئی وکلا کو فیصلہ موخر ہونے کے حوالے سے آگاہ بھی کر دیا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ
ذرائع نے مزید بتایا کہ احتساب عدالت جی الیون سے ہی کل ریفرنس کے فیصلے کی نئی تاریخ جاری کرے گی۔
ٹرائل
ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب کی جانب سے 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ان گواہان پر جرح کی۔
ریفرنس کی سماعت کے دوران تین ججز تبدیل ہوئے جبکہ تفتیشی افسر پر 38 سماعتوں کے بعد وکلا صفائی نے جرح مکمل کی۔
ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کے لیے 15 مواقع فراہم کیے گئے تاہم ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا۔
بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری ٹرائل کورٹ اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کی جبکہ ملزمان کی درخواست بریت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو فیصلے کا اختیار دیا۔