اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کر دی۔
اپوزیشن سے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے عمل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ایاز صادق نے وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات خصوصی ملاقات کی جس میں انہوں نے حکومتی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی ہے۔
سماء سے گفتگو
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کا بطور کسٹوڈین آف دی ہاﺅس کردار تسلیم کیا اور مذاکرات کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی استدعا کی اور میں ان کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز تسلیم کرتا ہوں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے حکومتی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کی استدعا کی ہے اور انہیں یہ درخواست پی ٹی آئی کی کمیٹی کی تشکیل کے جواب میں دی ہے۔
بیرسٹر گوہر
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی ایک دو روز میں بننے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی مسائل کا واحد حل صرف مذاکرات ہیں۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے مذاکرات پر کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے اور امید ہے کل تک حکومتی کمیٹی بن جائے گی ، مذاکرات ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی سیاسی مسائل کا حل واحد ہیں۔
سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل آگے نہ بڑھنے پر بالکل سول نافرمانی کی تحریک پر بھی عمل ہو گا۔