سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ضلع ٹانک میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد علی رحمان عرف مولانا طٰحہ سواتی کو جہنم واصل کر دیا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے جو کہ کسی بڑی دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع ٹانک میں ، خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن سترہ اور اٹھارہ دسمبر کی درمیانی شب کیا گیا ۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سات خوارج کو جہنم واصل کر دیا ۔ مارا جانے والا خارجی علی رحمان عرف مولانا طٰحہ سواتی فتنہ الخوارج کےسرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا ۔
آپریشن کے دوران ایک خارجی نے گھر میں داخل ہوکر کمرے میں دو بچوں کو یرغمال بنا لیا ۔ اس نے فرار ہونے کے لئے خاتون کا لباس پہن لیا تھا ۔ خارجی دہشتگرد نے دونوں بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی ۔ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب حکمت عملی سے دونوں بچوں کو بحفاظت بازیابی کروا لیا اور خارجی کو بھی جہنم واصل کر دیا۔ اہلِ علاقہ نے بچوں کی بحفاظت بازیابی پر پاک فوج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔