وزیر اعظم شہباز شریف نے مصر میں ترکیہ، ایران ،بنگلہ دیش اور انڈونیشیا کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران غزہ کی صورتحال ، مسئلہ کشمیر اور باہمی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی ۔
قاہرہ میں 11 ویں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر طیب اردوان سے ملاقات میں دوطرفہ سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں بالخصوص آئی ٹی، زراعت اور گرین ٹیکنالوجی کے نئے شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔
مسئلہ جموں و کشمیر اور قبرص پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا گیا ۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں وزیر عظم نے ایران کو برکس کا رکن بننے پر مبارکباد دی اور دوطرفہ تجارت، معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی روابط کے حوالے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات مضبوط تر بنانے پر بات ہوئی ۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرتے رہنے پر اتفاق ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر انڈونیشیا پرابوو سوبیانتو کی ملاقات میں انہیں عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور دو طرفہ تعلقات اور سیاسی، تجارتی و اقتصادی امور کے علاوہ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کی بات ہوئی ۔
قاہرہ میں پاک، بنگلہ قیادت کی بھی گرمجوش ملاقات ہوئی اور دو طرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کیلئے سفری اور تجارتی آسانیاں پیدا کرنے پر بنگلہ قیادت سے خصوصی اظہار تشکر کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ڈی ایٹ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔