پنجاب حکومت کی جانب سے پاراچنار میں ادویات اور امدادی سامان بھیجنے کی منظوری دے دی گئی۔
جمعرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 21 واں اجلاس ہوا جس میں پاراچنار میں ادویات اور امدادی سامان بھیجنے کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے جبکہ موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پارا چنار بھیجا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ائیر پروگرام کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت ای بس، چارجنگ اسٹیشنز، سپر سیڈر سمیت ملٹی سیکٹوریل اقدامات کئے جائیں گے۔
اسپتالوں میں فری میڈیسن، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم ماڈل تھری سمیت دیگر پروجیکٹس کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی جبکہ وزیراعلی نے کسان دوست گندم پالیسی متعارف کرانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا زراعت، آئی ٹی، تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں میں چائنہ طرز پنجاب میں اپنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستانی وفد کو ملنے والی غیرمعمولی پذیرائی پنجاب کے عوام کے لئے باعث فخر ہے، چین کی 60 بڑی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی ظاہر کی ہے جکہ چائنہ پنجاب ڈیسک کی منظوری دے دی گئی ہے۔