وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گیارہواں ڈی ایٹ سمٹ ایس ایم ایز کے حوالے سے اشتراک کا ایک نادر موقع ہے۔
ڈی ایٹ ممالک کے گیارہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مصری حکومت اور اس کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہیں، اپنے برادر ملک آذربائیجان کو ڈی ایٹ کے نئے رکن کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ آذربائجان، صدر الہام علییوف کی قابل قیادت میں D8 کے مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، معاشی ترقی کے کلیدی محرک ہیں، نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں، ایس ایم ایز ملازمتیں پیدا کرتے ہیں، اختراع کو فروغ دیتے ہیں مقامی کاروبار کو فروغ دیتے ہیں، ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سال کے سمٹ کا تھیم، ''نوجوانوں میں سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے رجحان کا فروغ'' دراصل 21 ویں صدی میں ہماری اجتماعی خوشحالی کے لیے بلیو پرنٹ ہے، نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی جانب رجحان کا فروغ ہماری سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کے 60% سے زیادہ حصہ 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو کہ جدت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت پاکستان اپنے فلیگ شپ یوتھ پروگرام کے ذریعے، معیاری تعلیم فراہم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے اب تک اس پروگرام کے ذریعے لائق اور قابل طالب علموں میں 600,000 سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ہزاروں اسکالرشپس دی گئی ہیں، لاکھوں نوجوانوں کومصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس، اور سائبر سیکورٹی کے حوالے سے فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسر کی کمیونٹیز میں سے ایک ہے، ہم آئی ٹی کے شعبے میں تربیت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر اپنے نوجوانوں کو جدید صلاحیتوں سے آراستہ کر سکیں، ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ مزید بہتر طرح سے جڑ سکیں اور ملازمتوں کے مزید مواقع فراہم کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر، لون سکیم کے ذریعے اربوں روپوں کے قرضے دیے ہیں جس کا مقصد نوجوان پاکستانیوں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، ہمارے دیگر اقدامات، جیسے کہ، اسٹارٹ اپ پاکستان اور نیشنل انوویشن ایوارڈز کا مقصد ایک امید افزا، اسٹارٹ اپ ماحول کو فروغ دینا اور انکیوبیشن کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری کابینہ نے ڈی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ اس کے پروٹوکول کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔