پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا رجحان مزید شدت اختیار کرگیا، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے دوران بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس میں 5 ہزار پوائنٹس کی تاریخی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جمعرات کاروبار کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس 5 ہزار پوائنٹس کی تاریخی مندی کے بعد ایک لاکھ 7 ہزار کی حد بھی گنوا بیٹھا، واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں آج ایک دن میں ہونے والی سب سے بڑی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 3 ہزار 790 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 11 ہزار 70 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، واضح رہے کہ 3 روز کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 10 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ مانیٹری پالیسی کے بعد سے مسلسل تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ فروخت کے دباو میں ہے، تین دن میں اسٹاک مارکیٹ 10 ہزار پوائنٹس نیچے آگئی۔
پیر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) شرح سود میں محتاط کمی لاتے ہوئے اسے 13 فیصد پر لے آیا تھا، تجزیہ کاروں نے اسٹیٹ بینک کے اقدام کو مانیٹری پالیسی میں محتاط نرمی سے منسوب کیا تھا اور آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں معمولی اضافے کا اشارہ بھی دیا گیا تھا۔