اسٹیٹ بینک نے الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو کا نیا ورژن متعارف کرادیا۔ عالمی معیار کا ای سی آئی بی وی ٹو سسٹم یکم جنوری سے آپریشنل ہوگا۔ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو نئے نظام کے حوالے سے احکامات بھی جاری کردئیے
اسٹیٹ بینک کے مطابق اب لون ڈیفالٹرز اور قرض معاف کرانے والوں کا ڈیٹا ریئل ٹائم میں اسٹیٹ بینک کے پاس ہوگا۔ قرض ری شیڈول اورقرض لینے والے تمام افراد کا مکمل ڈیٹا بھی ریئل ٹائم میں اسٹیٹ بینک کے پاس ہوگا۔ نئے ای سی آئی بی نظام سے مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر، سیکیورٹی اداروں اور عدلیہ کو ای سی آئی بی ڈیٹا تک رسائی ملے گی۔ مرکزی بینک کے مطابق نیا ای سی آئی بی نظام عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ بینکس ہر ماہ کی دس تاریخ تک قرض سے متعلق تمام معلومات جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو کریڈٹ انفارمیشن بیورو کا نیا پروفارما بھی جاری کردیا، بینکوں سے قرض کا تصفیہ کرنے والے افراد کو بھی نئے نظام سے ریلیف ملے گا۔