موجودہ مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ملکی برآمدات میں ڈیڑھ ارب ڈالر سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا نومبر حجم 13 ارب 72 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں موجودہ مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں بہتری دیکھی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا نومبر ملکی برآمدات کا حجم 12.82فیصد اضافے سے 13.72 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
ملکی معیشت کے سب سے بڑے شعبے ٹیکسٹائل کی برآمدات 10.51فیصد بڑھ کر 7ارب 60 کروڑ ڈالر رہیں۔ ریڈی میڈ گارمٹس ، نیٹ ویئر ، بیڈ ویئر اور ملبوسات کی ایکسپورٹ بھی بڑھ گئی۔
دستاویز کے مطابق جولائی تا نومبرغذائی اشیا کی برآمدات 9.58 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب 15 کروڑ ڈالر سےتجاوز کر گئیں ۔ بیرون ملک پاکستانی چاول کی مانگ بھی 35.4فیصد بڑھی ۔ جولائی تا نومبر1.51 ارب ڈالر مالیت کے چاول بیرون ملک بھجوائے گئے ۔
چینی کی ایکسپورٹ 833 فیصد بڑھ کر 19کروڑ67لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔ تمباکو، پھل، سبزیوں اور گوشت کی برآمدات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ البتہ دالوں ، آئل سیڈز، گرم مصالحے اور میوہ جات کی ایکسپورٹ میں کمی ہوئی ۔
مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بات کریں تو 5 ماہ میں صنعتی برآمدات کا حجم54فیصد اضافے کے ساتھ 1 ارب 76 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ چمڑے اور پلاسٹک کی مصنوعات، گلوز،ادویات اور سیمنٹ کی ایکسپورٹ بھی بڑھی تاہم فٹبال سمیت کھیلوں کےسامان ، کارپٹ فرنیچر کی برآمدات میں کمی آئی۔ رواں مالی سال پاکستانی برآمدات کا ہدف 32 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔