سپریم کورٹ نے ججز تقرری کے مجوزہ رولز پر عوامی آرا طلب کرلی۔
عدالت عظمیٰ کے ترجمان کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے مجوزہ رولز سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کردیئے گئے ہیں اور چیئرمین کمیٹی نے مجوزہ قواعد کے مسودہ کی تیاری میں کمیٹی ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین کمیٹی جسٹس جمال مندوخیل نے رولز تیاری میں کمیٹی ارکان سے ہٹ کر تجاویز دینے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جوڈیشل کمیشن میں ججزکی مجوزہ تقرریوں کے رولز کو عوامی تبصروں اور آرا کیلئے ویب سائٹ پر پوسٹ کیا گیا اور تمام تبصرے اور تاثرات 20 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
ترجمان سپریم کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ رولز کی منظوری کیلئے جوڈیشل کمیشن21 دسمبر کو غور کرے گا۔
رولز کا ابتدائی مسودہ
ججز تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن رولز کا ابتدائی مسودہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ججز تقرری کیلئے میرٹ پروفیشنل کوالیفیکیشن، قانونی عبور اور صلاحیت پر مشتمل ہوگا جبکہ میرٹ میں امیدوار کی ساکھ اور دباؤ سے آزاد ہونا بھی شامل ہوگا۔
مسودہ کے مطابق ججز کیلئے نامزدگیوں میں وکلاء اور سیشن ججز کی مناسب نمائندگی ہونی چاہیے اور تمام ہائیکورٹس کی مناسب نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
سپریم کورٹ میں تعیناتی ہائیکورٹس کے 5 سینئر ترین ججز میں سے ہونی چاہیے جبکہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری تین سینئر ترین ججز میں سے ہوگی،۔
جوڈیشل کمیشن میں تمام ناموں پر غور کرنے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا جبکہ جوڈیشل کمیشن کے 2010 کے رولز ختم کر دیئے گئے ہیں۔