دفتر خارجہ نے یونان کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
یاد رہے کہ اتوار کو یونان کے جنوبی جزیرے گاؤڈوس کے قریب لکڑی سے بنی کشتی الٹنے سے کم از کم 5 غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جبکہ حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے۔
پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے واقعے میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانہ یونانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں کی مدد اور جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔