معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تاجروں سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور تین میٹنگز میں کیے گئے زیادہ تر وعدے پورے ہو گئے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں معشیت مزید بہتر ہوگی۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی کا خیرمقدم کرنا چاہیے، کمی کاروبار کیلئے خوش آئند ہے تاہم حکومت کے پاس گنجائش موجود تھی بہتر ہوتا کہ 3 فیصد کمی ہوتی ، اب کمی جاری رہنی چاہیے۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کنٹرول کرنے سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے ، موجودہ حالات میں کنسٹرکشن سیکٹر کا فروغ بہت ضروری ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے زرعی شعبے اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر میں آرمی چیف نے تاجروں سے میٹنگ میں وعدے کیے جن میں سے زیادہ وعدے پورے ہوئے اور آرمی چیف نے کہا دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں ، ہمارا فرض ہے دوست ممالک کی سرمایہ کاری کیلئے اچھے پروجیکٹ لائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف سے امن وامان کی صورتحال پر بھی بات ہوئی، کچھ لوگوں نے زمین کے معاملات کی مشکلات بتائیں جس کے بعد معاملات میں بہتری نظر آئی۔