مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، صحافی اور مصنف صدیق الفاروق طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔
مرحوم صدیق الفاروق گردوں کےعارضے میں مبتلا تھے۔مرحوم کا نماز جنازہ کل صبح گیارہ بجے اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں ادا کیا جائے گا،صدیق الفاروق سینئر صحافی اور دو کتابوں کے مصنف تھے۔ وہ انیس سو ترانوے میں مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے اور آخر وقت تک اسی جماعت سے وابستہ رہے۔صدیق الفاروق سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پریس سیکرٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ بھی رہے،وزیراعظم شہباز شریف نےصدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی۔ مسلم لیگ ن کے لیے صدیق الفاروق کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ صدیق الفاروق نے مشکل ترین حالات میں آمریت کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا اور نواز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بننے سے انکار کیا۔